حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کشمیر کے طول و عرض میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
مرکزی نوعیت کی تقریبات ہائیر اسکینڈی اسکول باب العلم بڈگام اور چک باغ حضرت بل سرینگر میں منعقد ہوئیں جب کہ دیگر کئی مقامت پر پر وقار جشن مولود کعبہ کا انعقاد کیا گیا جس میں خانقاہ میر شمس الدین اراکی ؒ جڈی بل سرینگر، امام باڑہ یاگی پورہ ماگام وغیرہ شامل ہیں اس موقعہ پر علمائے دین نے مولائے کائنات کی شان و عظمت، فضائل اور مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔
صدر انجمن شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سیدحسن الموسوی الصفوی نے چک باغ حضرت بل میں جشن مولود کعبہ ؑ کی ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولائے کائنات سے محبت و عقیدت کے تقاضوں سے روشناس کراتے ہوئے کہا کہ مولا علی ؑ نے اسلام کی دعوت و ترویج میں رسول اکرم ؐ کے شانہ بہ شانہ ہر محاذ پر عزیمانہ خدمات انجام دیں اور اسلام و پیغمبر اسلام کی نصرت و حمایت کے وہ سنگ میل طے کئے جو تاریخ اسلام کے درخشان ابواب کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دین و شریعت شناسی اور تحفظ شریعت علی ؑ کی محبت کے ابتدائی تقاضے ہیں حدود الٰہی حدود شریعت اور احیائے شریعت کی فکر اور تجسس مولائے کائنات ؑ کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے۔
News ID: 388042
5 فروری 2023 - 19:37
- پرنٹ
حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جشن مولود کعبہ کی مناسبت پر مختلف تقریبوں کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام، اور شعراء حضرات نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔